بھٹکل 18 / جون (ایس او نیوز) تعلیمی سال 2024-25 سے ریاست کرناٹک کے جن 1,419 سرکاری پرائمری اسکولوں میں 75 سے زیادہ طلبہ زیر تعلیم ہیں وہاں پر امسال سے ہی پہلی جماعت سے موجودہ کنڑا / دیگر زبان کے ساتھ انگلش میڈیم کی بھی سہولت فراہم کی جائے گی ۔
وزیر اعلیٰ سدارامیا نے امسال بجٹ سیشن کے دوران اعلان کیا تھا کہ 2000 سرکاری پرائمری اسکولوں میں کنڑا / دیگر زبان کے علاوہ انگلش زبان کو ذریعہ تعلیم کے طور پر اختیار کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ اسی کے مطابق حکومت کی طرف سے کمشنر محکمہ تعلیمات کو اس ضمن میں جائزہ لینے اور انگلش کو تعلیم کا میڈیم بنانے کے لئے جو شرائط طے کیے گئے ہیں ان پر کھرے اترنے والے اسکولوں کی نشاندہی کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی تھی ۔
معلوم ہوا ہے کہ تمام اضلاع کے ڈی ڈی پی آئی اور بلاک ایجوکیشن آفیسرس کی طرف سے بھیجی گئی تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد امسال 1419 سرکاری پرائمری اسکولوں کو پہلی جماعت میں انگلش میڈیم سے تعلیم شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ ان میں کلبرگی ریجنل ڈپارٹمنٹ کے 872، بینگلورو ژون کے 297، میسورو کے 140 اور دھارواڑ ژون کے 110 اسکول شامل ہیں ۔